عائزہ خان پر اسرابیلگچ کو ریما سے مشابہہ قرار دینے پر تنقید

Published On 21 December,2020 11:26 am

کراچی:(روزنامہ دنیا ) اداکارہ عائزہ خان نے ترک اداکارہ اسرا بیلگچ جو حلیمہ سلطان کے نام سے بھی مشہور ہیں کو پاکستانی اداکارہ ریما خان سے مشابہہ قرار دے دیا۔

  میڈیا رپورٹ کے مطابق عائزہ خان نے ترک اداکارہ اسرا کی ایک تصویر پر کمنٹ کرتے ہوئے انہیں ریما خان سے مشابہہ قرار دیا، ان کا یہ کمنٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تاہم صارفین کا خیال کچھ اور ہی ہے۔ انہیں ریما خان اور اسرابیلگچ کے درمیان کیا جانے والا موازنہ زیادہ پسند نہیں آیا۔

ایک خاتون نے کہا دو فنکاروں کا آپس میں موازنہ کرنا انتہائی بدترین چیز ہے ۔ یہ دونوں اپنی اپنی جگہ خوبصورت اور باصلاحیت ہیں۔ کچھ لوگوں نے تو عائزہ خان کو ہی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے غصے میں انہیں نابینا قرار دے دیا اور کہا کہ عائزہ خان کو اپنی آنکھیں چیک کر آنی چاہئیں۔ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ مذاق کی بھی کوئی حد ہوتی ہے جبکہ ایک اور صارف نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے ریما کو اسرا سے بھی زیادہ خوبصورت قرار دے دیا۔

ان تبصروں پر عائزہ خان کی جانب سے تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا جبکہ ریما نے نہ تو عائزہ کی پوسٹ پر کوئی ردعمل دیا نہ ہی صارفین کے تبصروں پر کوئی رائے دی۔