قومی شاہینوں نے نیپئر ڈیرے جما لیے، تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ کل ہو گا

Published On 21 December,2020 09:57 am

ہملٹن: (دنیا نیوز) قومی شاہینوں نے نیپئر ڈیرے جما لیے، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ کل ہو گا، میزبان کیویز کو سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، کپتان شاداب خان کہتے ہیں خامیاں اور ناکامیاں بھلا کر میدان میں اتریں گے۔

آکلینڈ سے ہملٹن اور اب نیپئر کا سفر مکمل، قومی ٹی 20 اسکواڈ ہملٹن سے بذریعہ بس نیپئر پہنچا۔ انجری کے باعث سیریز سے آؤٹ بابر اعظم بھی ٹیم کے ہمراہ ہیں۔ سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ کی تیاریاں مکمل ہیں، پلان بھی فائنل ہیں۔

منگل کو دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے ہی اِن ایکشن ہوں گی، ٹیم کے بڑوں نے سر جوڑ لیے، جوڑ توڑ، ایک یا دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔ کپتان شاداب خان کہتے ہیں کہ بار بار کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر کم بیک کریں گے، دوسرے میچ میں ہچکولے کھاتی پاکستانی بیٹنگ لائن کو محمد حفیظ نے سہارا دیا، پروفیسر کے ناٹ آؤٹ 99 رنز بھی بے کار گئے، نو وکٹ کی شکست کھانے والی ٹیم کو سیریز میں دو صفر کا خسارہ ہے۔