اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ بر وقت اقدامات سے ملکی ترسیلات زر، برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری سمیت بڑی صنعتوں میں 6.7 فیصد بہتری آئی۔
پاکستان کو خوشحال بنانے کے موضوع پر آئی پی آر کے ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی معیشت غیر معمولی بحران سے گزر رہی ہے، آئی ایم ایف کے مطابق عالمی معیشت کورونا کے باعث 4.4 فیصد سکڑے گی، پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز سے نیا چیلنج سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو 2018ء میں اقتدار میں آنے پر کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، سخت مالیاتی ضبط سے اخراجات اور درآمدات میں کمی اور ریونیو میں اضافہ کیا گیا، سخت اقدامات سے مالیاتی اور کرنٹ اکائونٹ خسارے میں بہتری آئی۔
عبدالحفیظ شیخ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے اقدامات سے ٹیکس وصولیوں میں 17 فیصد اضافہ ہوا، ترسیلات زر، برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری میں بہتری سمیت بڑی صنعتوں میں 6.7 فیصد بہتری آئی۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کورونا کے اثرات سے بچنے کیلئے سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی اپنائی، سمارٹ لاک ڈائون سے کاروبار چلے، روزگار برقرار رہا اور معیشت چلتی رہی۔ پاکستان کی کورونا پر قابو پانے کی حکمت عملی کو عالمی سطح پر سراہا گیا، حکومت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے 1240 ارب روپے کا ایمرجنسی ریلیف پروگرام دیا۔