سٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی، انڈیکس 406.80 پوائنٹس گر گیا

Published On 21 December,2020 04:34 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر بڑی مندی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 406.80 پوائنٹس گر گیا۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی نے ڈیرے ڈال لیے، کاروبار آغاز ہی منفی انداز میں ہوا، پہلے ہی گھنٹے کے دوران انڈیکس میں 80 سے زائد پوائنٹس کی تنزلی دیکھی گئی۔

پورے کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا، ایک موقع پر انڈیکس 43295.64 پوائنٹس کی نچلی ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ کاروباری روز کے آخر میں انڈیکس 406.80 پوائنٹس گر گیا، جس کے باعث انڈیکس کی چار حدیں گر گئیں۔ گرنے والی حدوں میں 43400، 43500، 43600، 43700 کی حدیں شامل ہیں اور انڈیکس 43333.76 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

کاروبار کے دوران 0.93 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی اور 24 کروڑ 36 لاکھ 29 ہزار 732 شیئرز کا لین دین ہوا، سرمایہ کاروں نے زیادہ تر حصص بیچنے کو ترجیح دی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 70 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔