لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی سکواڈ کے اراکین کو ملکی اور غیر ملکی دوروں کے دوران فیملیز ساتھ رکھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوم سیریز میں بھی فیملیز کو ساتھ رکھنے کی اجازت ہو گی اور پی سی بی میزبان بورڈز سے اس حوالے سے بات چیت کرے گا۔ اس طرح جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز سے اسکواڈ کے اراکین فیملیز کو ساتھ رکھ سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی مشکل حالات میں کھلاڑیوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا چاہتا ہے، ٹیم مینجمنٹ کے ذریعے کھلاڑیوں کو اس حوالے سے پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ میں سکواڈ کو قرنطینہ کی وجہ سے ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا اس لیے اسکواڈ کو ذہنی طور پر پر سکون رکھنے کے لیے اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان ٹیم نے آئندہ برس جنوبی افریقا، زمبابوے، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی جب کہ پاکستان ٹیم نے متعدد ہوم سیریز بھی کھیلنا ہیں۔ کرکٹرز کو اہل خانہ ساتھ رکھنے کے لیے تمام کووڈ پروٹوکولز مکمل کرنا ہوں گے۔