قائد اعظم ٹرافی: شہزر محمد اور اسد شفیق پر کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزیوں پر جرمانہ

Published On 18 December,2020 05:53 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ میں سندھ کے کپتان اسد شفیق اور بیٹسمین شہزر محمد مسلسل دوسرے میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دوسری مرتبہ جرمانے کی زد میں اگئے۔

سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد کے پوتے وسابق ٹیسٹ بیٹسمین شعیب محمد کے صاحبزادے شہزر محمد کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ برائے پلئیرز اینڈ پلئیرز اسپورٹ پرسنل کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، انہوں نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی نیشنل سٹیڈیم میں ناردرن پنجاب کے خلاف میچ میں کی۔

شہزر محمد نے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی کی،جس کے مطابق انہوں نے میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر اختلاف کیا تھا،‏واقعہ جمعرات کو ناردرن کی دوسری اننگز کے 74 ویں اوور میں پیش آیا۔

شہزر محمد نے وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کی اپیل کو مسترد کیے جانے پرمایوسی کا اظہار کیا،‏ یہ دو میچز میں دوسری مرتبہ آرٹیکل کی خلاف ورزی تھی، لیول ون میں دوسری مرتبہ خلاف ورزی پر کم از کم 70 فیصد جرمانے سے دو میچز کی معطلی تک کی سزا ہے۔

ایک الگ واقعہ میں سندھ کے کپتان اسد شفیق پر 20 فیصد میچ فیس کا جرمانہ کیا گیا ہے،انہوں نےآرٹیکل 2.3کی خلاف ورزی کی جس کے مطابق انہوں نے نازیبا الفاظ استعمال کیے،اسد شفیق نے ناردرن کی دوسری اننگز کے 52 ویں اوور کے اختتام پر مایوسی میں اشتعال دلانے والے جملے ادا کیے۔

لیول ون میں پہلی مرتبہ خلاف ورزی پر وارننگ یا میچ فیس کے 70 فیصد تک جرمانے کی سزا ہے،شہزر محمد اور اسد شفیق نےدن کے کھیل کے اختتام پر اپنے غلطی تسلیم کی اور میچ ریفری افتخار احمد کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں کو تسلیم کیا، آن فیلڈ امپائرز احسن رضا اور شوزب رضا اور تھرڈ امپائر آصف یعقوب کی جانب سے چارجز لگائے گئے۔
 

Advertisement