لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے محمد عامر کے فیصلے سے متعلق کہا گیا ہے کہ فاسٹ بولر نے مزید عالمی کرکٹ نہ کھیلنے کی تصدیق کی ہے۔
فاسٹ بولر محمد عامر سے پی سی بی نے رابطہ کیا ہے، بورڈ ترجمان کا کہنا ہے کہ محمد عامر نے تصدیق کی ہے کہ وہ عالمی کرکٹ کھیلنے کی خواہش نہیں رکھتے، پی سی بی ان کے فیصلے کا احترام کرتا ہے، کرکٹ بورڈ آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کے لیے ان کے نام پر غور نہیں کرے گا۔
یاد رہے گزشتہ روز قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کا اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی کی امیدیں چھوڑ دی ہیں، کم بیک کو نہیں دیکھ رہا، وقار یونس کا رویہ برداشت سے باہر ہوچکا ہے، نیوزی لینڈ میں پاکستان ٹیم کو بے عزت نہیں کیا، ہمارے لڑکوں کی حرکتیں خراب تھیں جنکی سزا انکو ملی۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سے پہلے مجھے ذاتی طور پر دھچکا لگا کہ فائنل سے ایک دو دن پہلے ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، ہیڈ کوچ مصباح الحق صاحب ہی بتا سکتے ہیں کہ انہوں نے ٹیم کا اعلان پی ایس ایل مکمل ہونے سے پہلے کیوں کیا۔
فاسٹ باؤلر کا مزید کہنا تھا کہ میں نے ٹویٹر پر مصباح صاحب اس لئے لکھا کہ وہ بڑے لوگ ہیں جن کے پاس پاور ہوتی ہے وہ صاحب ہی ہوتے ہیں۔ وقار یونس کا رویہ بہت برداشت کیا، اب بات برداشت سے باہر ہوچکی ہے، برداشت کرنے کی حد ہوتی ہے، وقار یونس جب سسٹم میں نہیں تھے تب کی ریٹائرمنٹ دی تھی۔