حارث رؤف اپنی کارکردگی سے ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے کے خواہشمند

Published On 14 December,2020 05:02 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی سے ٹیسٹ ٹیم میں بھی جگہ بنانے کے خواہاں ہیں۔

کوئنز ٹائون سے ویڈیو لنک پریس کانفرنس میں حارث رؤف نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ فاسٹ باؤلر میں تھوڑا غصہ ہونا لازمی ہے ، جب کسی بھی فاسٹ باؤلر کو چوکا یا چھکا تو غصہ آجاتا ہے، بہتر پرفارمنس کے لیے نئے بال سے باؤلنگ کررہا ہوں اور خواہش ہے کہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنا سکوں ۔

فاسٹ باؤلر کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم پریکٹس کے دوران 3 میچز کھیلنے کا بہت فائدہ ہوا، بائولنگ کوچ وقار یونس نے اپنا تجربہ مجھ سے شیئر کیا،قوی امید ہے کہ جتنی بھی پریکٹس کی وہ میچ میں کام آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں رفتار بہت ضروری ہے، کسی بھی بائولر کی رفتار بلے بازوں کو پریشان کرتی ہے اس لیے رفتار کے ساتھ ساتھ اپنی لائن و لینتھ بھی بہتر بنانے پر کام کررہا ہوں۔

حارث رئوف نے قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کی طرح نام کمانے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے لیے جہاں بھی کھیلنے کا موقع ملا 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا، ہماری نیوزی لینڈ میں ماضی میں پرفارمنس اچھی رہی ہیں اور کوشش ہوگی کہ اس بار بھی اچھی کارکردگی پیش کریں ، ہمارے باؤلرز رواں سال کافی ٹی ٹونٹی میچز کھیل چکے ہیں۔