لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے نیوزی لینڈ سیریز میں شاداب خان فٹ نہ ہوئے تو ٹیم مینجمنٹ کے پاس آپشنز موجود ہیں، کرکٹ کمیٹی چئیرمین اور چیف سلیکٹر کا آئندہ ہفتے تک اعلان کر دیں گے،کوالٹی کرکٹ سے پاکستان کرکٹ کو دنیا میں نمبر ون بنانا مقصد ہے۔
کراچی پریس کلب کے دورہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ کوالٹی کرکٹ سے پاکستان کرکٹ کو مضبوط بنا رہے ہیں، چالیس سال کا کرکٹ نظام تبدیل کرنے میں وقت لگے گا، پی سی بی کے فیصلوں میں وزیر اعظم عمران خان کا بھی مشورہ ہوتا ہے لیکن باہر سے پریشر نہیں لیتے، ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں نمبر ایک بننا ہمارا ہدف ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ سال پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کی پلاننگ ابھی سے شروع کر دی ہے، غیر ملکی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گے، انھوں نے پاک بھارت کشیدگی کے باعث سیریز ہونے کو مشکل قرار دیا۔