نئی ون ڈے رینکنگ، بابر اعظم کا تیسری پوزیشن پر قبضہ برقرار

Published On 10 December,2020 05:26 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی طرف سے ون ڈے کرکٹ کی رینکنگ جاری کردی گئی ہے جس میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ کے مطابق ون ڈے کی نئی رینکنگ میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی بلے بازوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ روہت شرما کا دوسرا نمبر ہے۔ 

آئی سی سی رینکنگ کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم تیسرے جبکہ نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر چوتھے نمبر پر ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں ایرون فنچ، فاف ڈوپلیسی، ڈیوڈ وارنر، کین ولیمسن، ڈی کاک اور جونی بیرسٹو بھی پہلے دس نمبرز پر موجود ہیں۔

باؤلرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلے جبکہ افغانستان کے مجیب الرحمان دوسرے اور بھارت کے جسپریت بمرا کا تیسرا نمبر ہے۔ کرس ووکس چوتھے، ربادا پانچویں، جوش ہیزل ووڈ چھٹے نمبر پر ہیں۔

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر ایک درجہ ترقی پانے کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ پیٹ کمنز آٹھویں، میٹ ہینری نویں اور جوفرا آرچر دسویں نمبر پر ہیں۔

آل راؤنڈرز کی فہرست میں بنگلا دیش کے شکیب الحسن پہلے، افغانستان کے محمد نبی دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستان کے عماد وسیم پانچویں نمبر پر ہیں۔