قائداعظم ٹرافی: علی عثمان اور رمیز عزیز کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر تنبیہ جاری

Published On 07 December,2020 10:34 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قائداعظم ٹرافی سکینڈ الیون کے دوران سدرن پنجاب کے علی عثمان اور سندھ کے رمیز عالم کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کوڈ آف کنڈکٹ برائے کھلاڑی اور سپورٹ سٹاف کی خلاف ورزی پر تنبیہ جاری کر دی گئی ہے۔

کرکٹرز کو کے سی سی اے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے قائداعظم ٹرافی تین روزہ نان فرسٹ کلاس میچ کے دوران تنبیہ جاری کی گئی ہے۔ دونوں کرکٹرز نے پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.20 کی خلاف ورزی کی۔

یہ بھی پڑھیں: کووڈ 19 پروٹوکول کی خلاف ورزی، رضا حسن ڈومیسٹک سیزن سے آؤٹ

یہ واقعہ سندھ کی پہلی اننگز کے 55 ویں اوورز کے بعد پیش آیا جب دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز میں الفاظ کا تبادلہ کیا جس پر آن فیلڈ امپائر اور ان کے ساتھ فیلڈنگ سائیڈ کے کپتان کو مداخلت کرنا پڑی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ صورتحال کنٹرول میں رہے۔

علی عثمان اور رمیز عزیز نے اپنا جرم تسلیم کیا اور میچ ریفری احمر سعید کی جانب سے دی جانے والی سزا کو تسلیم کیا، کرکٹرز کو آن فیلڈ امپائر غلام سرور اور میر داد نے چارج کیا۔ کوڈ آف کنڈکٹ میں درج لیول ون کی خلاف ورزیوں پر کم سے کم تنبیہ یا مقررہ میچ فیس کا 70 فیصد جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔