دانش کنیریا کا پی سی بی بحالی پروگرام میں شامل ہونے کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع

Published On 08 December,2020 06:58 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ سپنر دانش کنیریا نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) بحالی پروگرام میں شامل ہونے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) میں دانش کنیریا پر اس وقت تاحیات پابندی عائد کر دی تھی ، جب وہ انگلش کلب ایسیکس کی جانب سے کھیلتے ہوئے سپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے۔ دانش کنیریا نےپاکستان کے لئے 61 ٹیسٹ کھیلے ہیں جبکہ انہوں نے261 وکٹیں اپنے نام کر رکھی ہیں۔

لیگ سپنر دانش کنیریا نے ڈومسیٹک،لیگز،قومی کرکٹ ٹیم میں ایک بار پھر واپسی آنے کی کوشش شروع کر دی ، سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ کرکٹ ہی میرا سب کچھ، کوئی دوسرا روزگار نہیں۔ کرپٹ ترین دیگر کھلاڑیوں کو بحالی پروگرام کا حصہ بنایا جا رہا ہے،دیگر کو دوسرا موقع جبکہ مجھے نظر انداز کیا جا رہا ہے،پی سی بی میرا موقف آئی سی سی میں پیش کرے،ڈومیسٹک اور قومی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔

دانش کنیریا نے درخواست میں استدعا کی کہ پی سی بی بحالی پروگرام کا حصہ بنایا جائے،غیر ملکی لیگ کا حصہ بننا چاہتا ہوں، نام فائنل ہوچکا لیکن خدشہ ہے کہ پابندی کے باعث نہیں کھیلایا جائے گا، پی سی بی کو ڈومیسٹک کرکٹ اور کرکٹ کی اجازت دینے کا حکم دیا جائے۔

خیال رہے کہ کرکٹ بورڈ کا بحالی پروگرام ایسے کھلاڑيوں کونہیں دیا جاتا جو تاحيات پابندی کا سامنا کر رہے ہوں،دانش کنیریا پر تاحيات پابندی ای سی بی کی جانب سے نافذ کی گئی،آئی سی سی اينٹی کرپشن کوڈ کے مطابق تمام ممبرز پر اس پابندی کو برقرار رکھنا لازم ہے اور اس معاملے پر لاگو کی گئی ای سی بی اينٹی کرپشن کوڈ کی شق نمبر 6.8 میں یہ واضح طور پر لکھا گيا ہے کہ اینٹی کرپشن کوڈ کی شق کے مطابق کھلاڑی کو دوبارہ کھیل کی اجازت دینے کا اختیار صرف اینٹی کرپشن ٹربیونل کے سربراہ کوحاصل ہے۔