عماد وسیم بگ بیش لیگ میں میلبورن رینگیڈ کی طرف سے کھیلنے کیلئے تیار

Published On 03 December,2020 05:53 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کو ایونٹ جتوانے والے اور آل راؤنڈر عماد وسیم رواں سیزن میں آسٹریلیا کی ٹی20 لیگ بگ بیش میں میلبورن رینگیڈ کے لیے کھیلیں گے۔

نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود بائیں ہاتھ کے سپنر عماد وسیم میلبورن کے لیے کھیلے جانے والے پہلے تین میچوں میں دستیاب نہیں ہوں گے۔ امکان ہے کہ عماد وسیم کینبرا میں میلبورن رینگیڈ کے چوتھے میچ میں سڈنی تھنڈر کے خلاف دستیاب ہوں گے۔

کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق جس ٹیم کی طرف سے عماد الیون کھیلیں گے اس ٹیم میں جنوبی افریقا کی طرف سے کھیلنے والے ریلی روسو، عمران طاہر، افغانستان کے سپن باؤلر محمد نبی اور نور احمد شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے عماد وسیم کو بگ بیش کے لیے این او سی جاری کردیا ہے۔ دوسری جانب میلبورن رینگیڈ نے بھی عماد وسیم کے ساتھ باقاعدہ معاہدے کی تصدیق کر دی ہے۔

میلبورن رینگیڈ کے کوچ مائیکل کلنگر کا کہنا ہے کہ عماد وسیم کا شمار دنیا کے بہترین ٹی ٹونٹی کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔بیٹنگ کے ساتھ ساتھ آل راؤنڈر باؤلنگ میں بھی اپنی کارکردگی دکھا کر متاثر کر رہے ہیں۔

پاکستان کے لیے 55 ون ڈے اور 47 ٹی 20 کھیلنے والے عماد وسیم کی قیادت میں کراچی کنگز رواں برس پاکستان سپر لیگ 2020 کا اعزاز حاصل کرچکی ہے جب کہ عماد وسیم اس سال انگلینڈ میں ٹی 20 بلاسٹ کی چیمپیئن ٹیم ناٹنگھم شائر کے لیے بھی کھیل چکے ہیں۔ عماد وسیم رواں ماہ 18 دسمبر کو اپنی 32 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹیں گے۔