لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نجی مصروفیات کے باعث لنکن پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) چھوڑ کر وطن واپس آ گئے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ لنکن پریمئر لیگ چھوڑ کر بدقسمتی کیساتھ مجھے ایمرجنسی میں نجی مصروفیات کے باعث گھر واپس جانا پڑ رہا ہے۔ معاملات حل ہونے کے بعد میں فوری طور پر سری لنکا میں ہونے والی لیگ میں ضرور شرکت کروں گا۔
Unfortunately I have a personal emergency to attend to back home. I will return to join back my team at LPL immediately after the situation is handled. All the best.
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) December 2, 2020
لنکن پریمیئر لیگ میں شاہد آفریدی کی پرفارمنس کی بات کی جائے تو پاکستانی سٹار بیٹسمین نے لیگ کے پہلے ہی میچ میں اپنی دھاک بٹھا دی تھی انہوں نے جافنا سٹالینز کیخلاف 23 گیندوں پر 58 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: گالم گلوچ سے اجتناب اور کھیل پر توجہ دو: آفریدی کی افغان باؤلر نوین الحق کو نصیحت
دوسرے میچ میں انہوں نے شاندار باؤلنگ کی اور اہم میچ میں آندرے رسل کی قیمتی وکٹ حاصل کی، اس میچ میں رسل نے 19 گیندوں پر 65 رنز کی جارحانہ باری کھیلی تھی۔
تیسرے میچ میں شاہد آفریدی بدقسمت ثابت ہوئے اور گولڈن ڈک کا شکار ہو کر پویلین لوٹ گئے تھے، اس میچ میں ان کی ٹیم کا سامنا کنڈی ٹسکرز تھا، اس میچ کے دوران محمد عامر اور نوین الحق کے تنازع کے باعث شاہد آفریدی اور افغان فاسٹ باؤلر میں تکرار بھی ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ لنکن پریمیئر لیگ میں شاہد آفریدی گال گلیڈی ایٹرز کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔