لاہور: (ویب ڈیسک) ایک طرف تو کورونا وائرس کی وباء کے پھیلاؤ کے سبب دنیا بھر میں کھیلوں کے ایونٹس ملتوییا منسوخ کیے جارہے ہیں تو دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک سیزن 2020-21 میں شامل اب تک کھیلے گئے 148 مختلف میچوں کا کامیاب انعقاد کرچکا ہے۔ سیزن کے پریمیئر ڈومیسٹک ایونٹ، قائد اعظم ٹرافی کا چھٹا مرحلہ بدھ سے کراچی میں شروع ہوچکا ہے۔
اس دوران قائد اعظم ٹرافی تھری ڈے ٹورنامنٹ 12 دسمبر کو مکمل ہوجائے گا جبکہ یہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ 5 جنوری کو اختتام پذیر ہوگا. پی سی بی پرامید ہے کہ وہ 30 ستمبر کو نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ سے شروع ہونے والے اس ڈومیسٹک سیزن میں شامل بقیہ 112 میچوں کا انعقاد بھی کامیاب انداز سے مکمل کرلے گا۔
سیزن کے دوران اب تک کھیلے گئے 9 مختلف ایونٹس میں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ اور سیکنڈ الیون، نیشنل انڈر 19 ون ڈے اور تھری ڈے ٹورنامنٹس، زمبابوے کے خلاف چھ بین الاقوامی میچز، ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچز، نیشنل ویمنز سہ فریقی ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ سمیتقائد اعظم ٹرافی کے جاری فرسٹ اور سیکنڈ الیون مقابلے شامل ہیں۔
ان 9 مختلف ایونٹس کے دوران پی سی بی نے کوویڈ 19 پرٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کیا ہے، ایونٹس کے شرکاء کی صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور آفیشلز کے مجموعی طور پر اب تک 2830 کوویڈ 19 ٹیسٹ کرواچکا ہے۔
پی سی بی کو ابھی مزید پاکستان کپ فرسٹ اور سیکنڈ الیون، جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 جیسے ایونٹس کا انعقاد کرنا ہے۔
پی سی بی اب تک ڈومیسٹک سیزن میں شامل 58 فیصد میچز کا کامیاب انعقاد کرواچکا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ یہ ڈیٹا بہت تسلی بخش ہے اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ ہم نے کوویڈ 19 کی وباء کے باوجود نہ صرف اپنے کھلاڑیوں کو محفوظ ماحول میں کرکٹ کھیلنے کا موقع فراہم کیا بلکہ اس دوران ہم نے تمام کرکٹ فینز کو اپنے گھروں میں بیٹھ کر بہترین کرکٹ مقابلے دیکھنے کا سامان بھی مہیا کیا۔
وسیم خان نے کہا وہ فخر محسوس کرتے ہیں کہ پی سی بی تمام کرکٹ فینز کی قدر کرتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ انہیں معیاری کرکٹ میچز دیکھنے کا موقع فراہم کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ یہ سیزن گزشتہ دیگر سیزن سے مختلف ہے کیونکہیہ سیزن نہ صرف بہت مصروف ہے بلکہ یہاں وبائی مرض کے دوران کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے ہمیں مختلف لاجسٹک چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا جنہیں بالآخر ایک احسن انداز میں نمٹا یا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے شعبہ ہائی پرفارمنس کے ڈائریکٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ پی سی بی اور کھلاڑیوں کی لائف لائن ہے اور انہیں خوشی ہے کہ وہ ان دونوں اسٹیک ہولڈرز کے لیے اس سیزن میں شامل اب تک آدھے سے زیادہ میچز کا کامیاب انعقاد کر چکے ہیں۔
ندیم خان نے کہا کہ اس سیزن میں معیاری مقابلے ہوئے جہاں کئی نئے کھلاڑیوں نے اپنے شاندار انفرادی کھیل کے ذریعے پاکستان کرکٹ میں اپنے سفر کے آغاز کا اعلان کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے لیےیہ ایک مشکل وقت ہے اور اس موقع پر وہ اپنی میڈیکل ٹیم، لاجسٹک ٹیم، کمرشل ٹیم اور سیکورٹی ٹیم کے بہت شکر گزار ہیں کہ جن کی انتھک محنت اور بھرپور تعاون کی بدولت سیزن کے آدھے سے زیادہ میچز کا کامیاب انعقاد ہوچکا ہے۔