لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے بتایا ہے کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو دورے کی باضابطہ طور پر دعوت دیدی گئی ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان کی قومی ٹیم نے مئی 2011ء میں دورہ کیا تھا۔ اس میں دوسرے درجے کے کھلاڑی شامل تھے، اس لئے اس دوران کھیلے گئے میچوں کو فرسٹ کلاس کا سٹیٹس نہیں دیا گیا تھا۔
پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو مین کہنا تھا کہ ہم افغان کرکٹ کو فروغ دینے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ افغانستان کی ٹیم کو پہلی بار سرکاری دورے کی دعوت دیدی گئی ہے تاہم اس کا شیڈول ابھی تک طے نہیں کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ سیریز دونوں ممالک کے درمیان امن قائم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں نے یو اے ای میں صرف ایک ون ڈے میچ اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ہی کھیلا ہے۔ تاہم 2019ء میں انگلینڈ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ سے قبل ایک دوستانہ میچ میں افغان ٹیم نے پاکستان کو شکست دیدی تھی۔ اس جیت کا پورے افغانستان میں خوب جشن منایا گیا تھا۔