کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کا پلے آف مرحلہ کے لیے کراچی کنگز، پشاور زلمی، ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز نے کراچی میں ڈیرے جمالئے، ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو پہلے پریکٹس میچ میں 22 رنز سے شکست دیدی۔
کراچی میں پی ایس ایل فائیو کا میلہ جہاں سے رکا تھا اب وہیں سے دوبارہ شروع ہو گا،14 نومبر سے شروع ہونیوالے پلے آف مرحلے کیلئے ملتان اور پشاور نے منگل کو نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور مشقیں کیں، پریکٹس میچز بھی کھیلے۔
پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 22 رنز سے شکست دیدی۔فاتح ٹیم نے حریف ٹیم کو جیت کیلئے 195 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں زلمی 172 رنز بناسکی، صہیب مقصود کے 80 رنز بھی ٹیم کے کام نہ آسکے،فاتح ٹیم کے کپتان شان مسعود 66 اور روی بوپارا 57 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان دوسرا پریکٹس میچ ناگزیر وجوہات کی بنا پر منسوخ کردیا گیا،دوسری جانب سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے۔