لاہور: (ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پی ایس ایل کی تمام فرنچائز کے درمیان ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ فنانشل سے متعلق تمام معاملات کو جلد از جلدباہمی اتفاق رائے سے حل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائزز کے درمیان ایک مثبت اور تعمیری اجلاس سات اکتوبر بروز بدھ کو نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے شرکاء نے نیک نیتی کے ساتھ شکایات، تنازعات سمیت تمام معاملات پر مثبت انداز میں دوطرفہ تبادلہ خیال کیا۔
دونوں فریقین نےتمام خدشات کے بارے میں اپنا نقطہ نظر واضح کیا۔ اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائز مالکان کو ایک مجوزہ مسودہ پیش کیا، یہ مسودہ فرنچائز مالکان کی درخواست پر بنایا گیا ہے، جس میں انہوں نے پی سی بی کو ایک موزوں اور مناسب ماڈل کے تلاش کی درخواست کی تھی۔
دونوں فریقین نے آئندہ ہفتوں میں اس نئے ماڈل سے متعلق اپنی فنانشل اور آپریشنل ٹیموں سے مشاورت اورتمام معاملات کو جلد از جلدباہمی اتفاق رائے سے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔