لاہور: (ویب ڈیسک) نیشنل انڈر 19 تھری ڈے ٹورنامنٹ دفاعی چیمپئن سندھ نے 194 رنز سے جیت لیا۔
کے آر ایل گراؤنڈ راولپنڈی میں کھیلے جانے والے فائنل کے چوتھے روز ناردرن کو ٹائٹل جیتنے کے لیے 464 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن ناردرن کی ٹیم 269 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ پہلی اننگز میں 64 رنز بنانے والے عبد الفصیح نے سنچری سکور کی انہوں نے 143 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے۔
محمد شعیب خان 86 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، انہوں نے 119 گیندوں کا سامنا کیا اور 8 چوکے مارے، حسن عابد کیانی نے 20، مہران ممتاز نے 16 رنز بنائے، سندھ انڈر 19 کی جانب سے ایک مرتبہ پھر عالیان محمود نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ عبد الجلیل کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔
سندھ کے کپتان صائم ایوب نے دونوں اننگز میں سنچریاں سکور کرنے کا اعزاز حاصل کی، سندھ کی پہلی اننگز میں 461 رنز کے جواب میں ناردرن نے اپنی پہلی اننگز میں 377 رنز بنائے تھے، جبکہ سندھ نے دوسری اننگز میں 379 رنز بنائے، صائم ایوب بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار پائے۔
نیشنل انڈر 19 ٹورنامنٹ میں بیٹسمین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز صائم ایوب نے حاصل کیا انہوں نے 454 رنز بنائے، باؤلر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز سنٹرل پنجاب کے ارحم نواب اور ناردرن کے مبصر خان نے مشترکہ طور پر حاصل کیا۔ دونوں نے 26.26 وکٹیں حاصل کیں۔
پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز بھی دو کھلاڑیوں عدیل میو اور مبصر خان کے حصے میں آیا، سندھ کے عدیل میو نے 282 رنز بنائے اور 19 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مبصر خان نے 234 رنز بنائے اور 26 وکٹیں حاصل کیں۔
بہترین وکٹ کیپر کا اعزاز سدرن پنجاب کے عبد اللہ بٹ نے حاصل کیا انہوں نے وکٹوں کے پیچھے نو شکار کیے۔ چیمپئن شپ جیتنے والی ٹیم کو 1.5 ملین کی انعامی رقم دی گئی جبکہ رنر اپ ٹیم 7 لاکھ 50 ہزار روپے کی انعامی رقم کی حقدار ٹھہری۔