لاہور: (ویب ڈیسک) ناردرن سکینڈ الیون کے کھلاڑی رضا حسن کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے کووڈ 19 پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر گھر بھیج دیا گیا ہے، فیصلے کے مطابق اب وہ ڈومیسٹک سیزن 2020-2021ء میں مزید حصہ نہیں لے سکیں گے۔
رضا حسن میڈیکل ٹیم اور پی سی بی ہائی پرفارمنس ڈیپارٹمنٹ سے پیشگی اجازت کے بغیر ہوٹل کے بائیو سیکیور ماحول سے باہر گئے۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی ندیم خان کا کہنا ہے کہ یہ ایک افسوسناک امر ہے کہ کووڈ 19 پروٹوکولز کی اہمیت اور ضروری کے بارے میں متعدد بار کی یاددہانیوں اور ایجوکیشن پروگرامز کے بعد رضا حسن نے معاملات کو اپنے ہاتھ میں لیا اور حدود سے تجاوز کیا، رضا حسن کو ٹورنامنٹ سے نکال دیا گیا ہے اور ان کو جاری سیزن میں شرکت کی اجازت نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کورونا 19 کے طے شدہ ضوابط پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، یہ قواعد و ضوابط نہ صرف تمام شرکا کی صحت اور حفاظت کے لیے ضروری ہیں بلکہ دنیا پر یہ واضح کرنا بھی ضروری ہے کہ ہم تمام ڈومیسٹک مقابلوں کا انعقاد کامیابی سے کر سکتے ہیں، میں یہ سمجھتا ہوں حسن رضا اپنے غیر ذمہ دارانہ رویے کو محسوس کریں گے اور طے شدہ ضوابط کی خلاف ورزی کی وجہ سےکرکٹ اور کھیل کو جو نقصان ہوا اس کا ازالہ کی کوشش کریں گے۔