لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر رانا منصور نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے دورہ میں موجود قومی ٹیم کا مشکل وقت گزر گیا ہے۔ تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور فوکس صرف کھیل پر ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ سکواڈ کی کرائسٹ چرچ میں مینجڈ آئسولیشن ختم ہو گئی ہے اور سکواڈ کل کوئنز ٹاؤن روانہ ہو گا جہاں سکواڈ کے اراکین ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گے۔
پاکستانی سکواڈ نے چودہ روزہ مینجڈ آئسولیشن کرائسٹ چرچ میں مکمل کی، اس دوران اسکواڈ کو متعدد بار کووڈ 19 ٹیسٹنگ کے عمل سے گزرنا پڑا۔ آئسولیشن کے دوران کچھ کیسز مثبت آنے کی وجہ سے پہلے سے طے شدہ ٹریننگ کی اجازت نہ مل سکی اور سکواڈ کو صرف چہل قدمی کی اجازت تھی۔
پاکستان سکواڈ کے اراکین کا وقت مینجڈ آئسولیشن کی وجہ سے ہوٹل کے کمروں میں ہی گزرا جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ: قومی اسکواڈ کے 52 ارکان آئسولیشن کی پابندی سے آزاد
اب پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینیجر منصور رانا کا کہنا ہے کہ مینجڈ آئسولیشن میں گزرا یہ وقت مشکل ضرور تھا لیکن اب یہ وقت گزر گیا ہے۔ تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں، امید ہے اب ان کا سارا فوکس کھیل پر ہو گا، وہ کھیل پر فوکس کرنے کی اہلیت بھی رکھتے ہیں۔
منصور رانا نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے لڑکوں کی ذہنی اور جسمانی تندرستی کے لیے مختلف سیشنز کا اہتمام بھی کیا۔ اس دوران ہم نے گراؤنڈ میں پریکٹس کو ضرور مس کیا اور اب اس کا موقع کوئنز ٹاؤن میں ملے گا جہاں ہم کل پہنچیں گے، ہم اس وقت سب کچھ بھلا کر مستقبل کے بارے میں سوچ رہے ہیں اور مستقبل کی ہی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
ٹیم مینیجر نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف نے کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کی ہے، امید ہے کہ کھلاڑی مختصر وقت میں بھرپور ٹریننگ سیشنز سے مستفید ہوں گے۔