بگ بیش لیگ: حارث رؤف میلبورن سٹارز کی نمائندگی کرنے کیلئے ایک مرتبہ پھر تیار

Published On 11 December,2020 04:39 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی فاسٹ باؤلر حارث رؤف بگ بیش لیگ کے 10 ویں ایڈیشن میں بھی میلبورن سٹارز کی نمائندگی کریں گے۔ 27 سالہ حارث جنوری میں میلبورن سٹاز کے لیے ان ایکشن ہوں گے ۔

جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کے شیڈول کے اعلان کے بعد سٹارز کے سکواڈ میں حارث کی شمولیت کی تصدیق ہوگئی۔ 2 ٹیسٹ میچز کے بعد 3 ٹی ٹونٹی کی شیڈولنگ نے حارث کے میلبورن سٹارز کے سکواڈ میں دوبارہ شامل ہونے کی راہ ہموار کردی۔

حارث رئوف دسمبر کے آخر میں بلیک کیپس کے خلاف سیریز سے قبل پاکستان کی ٹی ٹونٹی ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ میں ہیں۔ 26 دسمبر اور 3 جنوری کو شروع ہونے والے دو ٹیسٹ میچوں سے قبل پاکستانی ٹیم 18 ، 20 اور 22 دسمبر کو تین ٹی ٹونٹی میچوں میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرے گی ۔

حارث رئوف گزشتہ سیزن میں میلبورن سٹارز کے کامیاب ترین بائولر رہے تھے جنہوں نے اپنے 10 میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کیں جس میں میلبورن کرکٹ گرائونڈر پر سڈنی تھنڈر کے خلاف یادگار ہیٹ ٹرک اور ہوبارٹ ہریکینز کے خلاف 5 وکٹیں شامل تھیں۔

حارث رؤف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ میں اس سیزن میں میلبورن سٹارز میں واپس آسکتا ہوں اور دوبارہ ایم سی جی میں کھیل سکتا ہوں، میلبورن میں تمام پاکستانی کمیونٹی کی حمایت لاجواب تھی اور امید ہے کہ ہم اس سیزن میں کچھ یادگار پرفارمنس پیش کرسکیں گے۔

حارث بی بی ایل 10 میں کھیلنے والے تیسرے پاکستانی ہوں گے کیونکہ عماد وسیم میلبورن رینیگیڈز کی نمائندگی کریں گے جبکہ دلبر حسین میلبورن سٹارز کی طرف سے کھیلیں گے۔

واضح رہے کہ رؤف نے 8 ٹی ٹونٹی اور 2 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے رواں سال قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوٹنی سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا ۔