لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں اپنے دوستوں کی یاد ستا رہی ہے اور وہ جلد ہی ٹیم میں واپسی کے ساتھ ہی ان کے ساتھ دوبارہ ملنےکے منتظر ہیں۔
قائداعظم ٹرافی 2020ء میں اپنی ٹیم سینٹرل پنجاب کی لگاتار دوسری کامیابی کے بعد پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ گراؤنڈ میں واپس آنے کے بعد وہ آہستہ آہستہ اپنا ردھم واپس حاصل کررہے ہیں۔
حسن علی کا مزید کہنا تھا کہ وہ انجری سے صحت یابی کے بعد میدان میں واپس آکر بہت اچھا محسوس کررہے ہیں، اس وقت ان کی فارم اچھی جارہی ہے اور اعتماد بھی واپس آرہا ہے، امید ہے کہ معاملات میرے لئے بہت جلد بہتر ہوجائیں گے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں اپنا ’روٹی گروپ‘ یاد آرہا ہے جو نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کے ساتھ موجود ہے، وہ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور انہیں امید ہے سخت محنت کرکے قومی ٹیم میں واپس آنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔