شعیب ملک نے جفنا سٹالینز کو لنکن پریمیئر لیگ جتوا دی

Published On 16 December,2020 10:50 pm

کولمبو: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر اور سینئر بیٹسمین شعیب ملک کی آل راؤنڈر کارکردگی کے باعث جفنا سٹالینز نے لنکن پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) جیت لی۔

تفصیلات کے مطابق ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے فائنل میں جفنا سٹالینز نے پہلے بیٹنگ کی، ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا،ٹیم 70 رنز پر تین کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی، اویشکا فرنانڈو 27، جانسن چارلس 26 اور اسالنکا 10رنز بناکر پویلین گئے۔ چوتھی وکٹ پر شعیب ملک اور دھننجایا نے 69 رنز کی شراکت قائم کی، دھننجایا نے 33 اور شعیب ملک نے 46رنز بنائے۔

آخری اوورز میں کپتان پریرا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 14 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 39 رنز بنائے، جفنا کا سکور 6 وکٹ پر 188 رنز رہا، لکشن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں گال گلیڈی ایئٹرز کی بیٹنگ شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، گونا تھلاکا ایک، حضرت اللہ صفر اور احسان علی 6 رنز بناکر واپس گئے۔

کپتان راجاپاکسے نے دھواں دھار 40 رنز کی اننگز کھیلی، یہ رنز اُنہوں نے صرف 17 گیندوں پر چار چھکوں اور تین چوکوں سے بنائے۔ اعظم خان نے چار چھکوں کے ذریعے 36ر نز کے ساتھ کچھ کوشش کی جو بے سود رہی۔

گال گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 9 وکٹ پر 135رنز بناکر 53رنز سے فائنل ہار گئی، شعیب ملک اور عثمان شنواری نے دو، دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔