حسن علی کا آل راؤنڈ کھیل، بلوچستان کیخلاف سنٹرل پنجاب کو فتح دلوا دی

Published On 16 December,2020 04:52 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کی انجری کے بعد کھوئی فارم واپس لوٹ آئی۔ قائداعظم ٹرافی کے میچ میں دس وکٹوں کی بدولت سنٹرل پنجاب کو فتح دلوا دی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہونے والے قائداعظم ٹرافی میچ کے دوران حسن علی نے دس وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت سنٹرل پنجاب نے بلوچستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔

یہ قائداعظم ٹرافی 2020ء میں سینٹرل پنجاب کی مسلسل تیسری فتح ہے۔ دفاعی چیمپئنز نے فالو آن نافذ کرنے کے بعد بلوچستان کی ٹیم کو 285 رنز پر پوویلین بھیج کر 47 رنز کے ہدف کا تعاقب آسانی کے ساتھ کرلیا۔

کپتان حسن علی نے دوسری اننگز میں 76 رنز دے کر 5 شکار کرنے کے ساتھ ساتھ فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیسری مرتبہ میچ میں 10 وکٹیں اپنے نام کیں۔وقاص مقصود نے 63 رنز کے عوض 3 جبکہ بلاول اقبال اور سعد نسیم نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

بلوچستان کی جانب سے عمید آصف نے 69 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جلات خان نے 86 گیندوں پر 65 رنز بنائے۔ ایاز تصور نے 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62 گیندوں پر 50 رنز سکور کیے ۔

اس سے قبل میچ کے دوسرے دن حسن علی نے اپنی ٹیم کی پہلی اننگز میں 369 رنز کے ٹوٹل میں 33 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز بناکر حصہ ڈالا تھا جب کہ اس سے قبل انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 10ویں مرتبہ اننگز میں 5 شکار کیے جس کی وجہ سے بلوچستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 130 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

سینٹرل پنجاب نے مسلسل 5 میچز میں ناکامی کے بعد ٹورنامنٹ کے چھٹے اور 7ویں راؤنڈ میں بالترتیب سندھ اور ناردن کو شکست دی۔