کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں جاری قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون کا آٹھویں راؤنڈ کے دوسرے روز کے دوران حسن علی نے آل راؤنڈ پرفارمنس دکھائی جبکہ عادل امین نے شاندار سنچری داغی۔
سٹیٹ بنک اسٹیدیم میں جاری میچ میں سنٹرل پنجاب کے کپتان حسن علی کی غیرمعمولی آل راؤنڈ پرفارمنس کی بدولت بلوچستان کی ٹیم مشکلات سے دوچارہے، انہوں نے آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 33 گیندوں پر 50 رنز کی جارحانہ اننگز بھی کھیلی جبکہ میچ کے دوسرے روز مجموعی طور پر 20 وکٹیں گریں۔
جب کھیل ختم ہوا تو بلوچستان کی ٹیم نے فالو آن ہونے کے بعد دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 130 رنز بنائے ہیں جبکہ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں جاری میچ میں سدرن پنجاب کی ٹیم خیبر پختونخواہ کے خلاف دوسرے روز کھیل کے اختتام پر سدرن پنجاب نے 145 رنز بنائے ہیں اور اس کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں۔ زین عباس 64اور علی عثمان 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
نیشنل اسٹیڈیم میں جاری میچ میں سندھ نے ناردرن کے خلاف دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر150 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے اور ابھی اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔