لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد وسیم کو چیف سلیکٹر اور سلیم یوسف کو پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا۔ محمد وسیم اور سلیم یوسف کی تعیناتی تین سال کے لیے کی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ محمد وسیم قائداعظم ٹرافی کے بعد عہدے کا چارج سنبھالیں گے، سلیکشن کمیٹی میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، پاکستان کپ کے لیے ناردرن کے نئے کوچ کی تقرری کی جائے گی۔
محمد وسیم فی الحال ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کی کوچنگ کر رہے ہیں، ان کی ٹیم قائداعظم ٹرافی کے پوائنٹس ٹیبل پر ابھی دوسری پوزیشن پر براجمان ہے، گزشتہ سال ناردرن نے نیشنل ٹی 20 کپ جیتنے کے ساتھ ساتھ قائداعظم ٹرافی میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔
سلیم یوسف نے آخری مرتبہ بطور رکن سلیکشن کمیٹی پی سی بی کے ساتھ کام کیا تھا، وہ 2013 سے 2015 تک قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن رہے، سلیم یوسف اب کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے کام کریں گے۔ ان کے پینل میں علی نقوی، عمر گل، عروج ممتاز، وسیم اکرم شامل ہیں۔