لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی خوبرو اداکارہ نیلم منیر نے 11 دن کے بعد کورونا وائرس کو شکست دیدی۔
تفصیلات کے مطابق دل موم کا دیا، دیار دل، سراب، جل پری، بھنور، بوجھ، جدائی اور بکھرے موتی جیسے ڈراموں میں شاندار اداکاری کرنے والی اداکارہ نیلم منیر میں رواں ماہ 9 دسمبر کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔
اداکارہ کی جانب سے خود میں کورونا کی تشخیص کی تصدیق سے دو دن قبل ہی سوشل میڈیا پر ان کے بیمار ہونے کی خبریں تھیں تاہم انہوں نے خود 9 دسمبر کو تصدیق کی تھی کہ انہیں کورونا ہوگیا۔
کورونا کی تشخیص کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا اور اداکارہ نے بتایا تھا کہ ان میں کورونا کی شدید علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔ اگرچہ انہوں نے خود کو محفوظ کرنے کے لیے تمام لازمی اقدامات کر رکھے تھے تاہم اس کے باوجود وہ کورونا میں مبتلا ہوگئیں۔
ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر شکر ادا کیا تھا کہ ان کے اہل خانہ کے دیگر کسی فرد میں کورونا کی تشخیص نہیں ہوئی۔
کورونا کی تصدیق کرنے کے 11 دن بعد ہی اب نیلم منیر نے بتایا کہ ان کا کورونا کا پی سی آر ٹیسٹ منفی آگیا اور وہ اب صحت مند ہیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو میں اپنا کورونا ٹیسٹ منفی ہونے کا بتایا اور وہ ویڈیو میں بلکل صحت مند اور خوش دکھائی دیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان میں قرنطینہ کے دوران کورونا کی کون سی علامات ظاہر ہوئی تھیں اور انہوں نے ان سے کیسے خود کو بچایا اور قرنطینہ میں انہوں نے کیا کھایا، کیا پیا، اس متعلق وہ جلد ہی ویڈیو جاری کریں گی۔
اداکارہ نے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی تمام افراد کو کورونا سے احتیاط کرنے کی اپیل بھی کی۔