نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم میں مہندرا سنگھ دھونی کے ساتھ ریٹائرمنٹ لینے والے سریش رائنا کو کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی پولیس نے ممبئی ایئرپورٹ کے قریب ایک کلب پر چھاپا مارا اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 34 افراد کو حراست میں لے لیا جن میں کلب مینجمنٹ کے 7 لوگ بھی شامل ہیں تاہم بعد میں تمام افراد کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے حراست میں لئے گئے افراد میں بھارت کے سابق کرکٹر سریش رائنا بھی شامل ہیں اور اس کے علاوہ بالی ووڈ سٹار ہریتھک روشن کی سابقہ اہلیہ سوزین خان کیساتھ ساتھ نامور بھارتی گلوکار گورو رندھاوا بھی شامل ہیں۔
ممبئی پولیس کے مطابق کویڈ 19 کی وجہ سے ہوٹل اور کلب کے ایک مخصوص اوقات طے کئے گئے ہیں لیکن یہ کلب رات 3 بجے بھی کھلا ہوا تھا جس پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر گورو رندھاوا، سوزین خان اور سریش رائنا سمیت 34 افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹر سریش رائنا کے ترجمان کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ سریش ایک شوٹ کے سلسلے میں ممبئی میں موجود تھے اور ایک دوست کی جانب سے کھانے کی دعوت پر کلب میں موجود تھے تاہم انہیں مقامی پولیس کی جانب سے ہوٹل کے اوقات کے حوالے سے معلومات نہیں تھیں ورنہ وہ یہ خلاف ورزی نہ کرتے۔