لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان کی معروف اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اپنی زندگی کے بارے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ جب ان کی تیسری شادی ہوئی تو نکاح کے وقت اپنا نواسہ گود میں لیے بیٹھیں تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ فوچیا میگزین کو انٹرویو دے رہی ہیں۔
ویڈیو میں انٹرویو کے دوران اداکارہ نے اپنی زندگی کے رازوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ وہ تیسری شادی کے نکاح کے وقت اپنا نواسہ گود میں لیے بیٹھیں تھیں اور ان کی شادی میں ان کے شوہر کے بچوں ،نواسوں اور پوتوں نے بھی شرکت کی تھی۔
عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ انہوں نے اس وقت اداکاری کا آغاز کیا جب ان کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی اور ان کے ہاں دو بچوں کی پیدائش ہوچکی تھی جبکہ اس وقت بچوں کی پرورش کے لیے مالی معاونت کی ضرورت تھی۔
سینئر اداکارہ نے اپنی نجی زندگی سے متعلق پہلی مرتبہ کسی پبلک فورم پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی شادی کی ناکامی کے بعد اپنی ہی مرضی سے دوسری شادی کی مگر اتفاق سے وہ بھی کامیاب نہ ہوسکی اور دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں۔ جبکہ میری تمام شادیاں پسند اور پیار کی تھیں ۔
عتیقہ اوڈھو کا مزید کہنا تھا کہ شادی جیسے رشتے پر بھرپور یقین رکھتی ہوں ،اس لیے دو ناکامیوں کے بعد تیسری مرتبہ زائد العمری میں شادی کرنے کا فیصلہ کیا اورتیسرے شوہر ثمر علی خان کو خود شادی کی پیش کش کی ۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ثمر علی خان نے خاموشی سے نکاح کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن بچوں نے کہا کہ شادی کی تقریب منعقد کی جائے۔
شادی کی تقریب میں شوہر اور ان کے بچوں سمیت میرے نواسوں اور شوہر کے بچوں اور ان کے بچوں نے بھی شرکت کی جبکہ نکاح کے وقت اپنی گود میں نواسے کو لے کر بیٹھی تھیں، جس پر کئی لوگ حیران ہونے سمیت خوش بھی ہوئے۔
انٹرویو میں اداکار ہمایوں سعید کے بارے بات کرتے ہوئے عتیقہ اوڈھو نے مزاحیہ انداز اپنایا اور کہا کہ ان جیسی دوسری اداکارائیں ڈراموں میں اب ماں، ساس اور دادی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیتی ہیں مگر ہمایوں سعید اب بھی ہیرو کے طور پر دکھائی دیتے ہیں اور یہ بہت بڑی ناانصافی ہے۔
واضح رہے کہ عتیقہ اوڈھو نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن ثمر علی خان سے جون 2012 میں شادی کی تھی، ان کے شوہر 2013 سے 2018 تک رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں جبکہ ان کے پہلے اور دوسرے شوہر سے بچے ہیں اور 2012 میں تیسری شادی کے وقت نانی اور بعد ازاں دادی بن چکی تھیں۔