لاہور:(دنیا نیوز) مسجد وزیر خان میں گانے کی عکسبندی کے معاملے پر عدالت نے صبا قمر اور بلال سعید کی بریت کی درخواست مسترد کردی ہے۔
واضح رہے کہ دونوں کے خلاف گزشتہ برس اگست میں لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان میں گانے کی شوٹنگ کرنے کے بعد شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جس پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں مسترد کردیا اور دونوں کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کرلیا۔
دوران سماعت صبا قمر اور بلال سعید کے وکلا نے بریت کی درخواستوں پر اپنے دلائل مکمل کیے۔
اداکارہ صبا قمر کے وکیل نے کہا کہ وقوعہ کے 10 دن بعد مقدمہ درج کیا گیا جبکہ محکمہ اوقاف کی انکوائری رپورٹ بھی ملزمان کے حق میں ہے۔