نئی دہلی:(ویب ڈیسک) بھارتی پنجابی گلوکار اور کانگریس لیڈر سدھو موسے والا دنیا سے جانے کے بعد بھی مودی سرکار کے اعصاب پر سوار ہیں، گانے میں بھارتی پنجاب کا پانی روکنے اور سکھ رہنماؤں کی گرفتاری پر تنقید ہضم نہ ہوئی اور اس گانے پر انڈین گورنمنٹ نے پابندی لگا دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کا آخری گانا جو ان کی موت کے بعد ریلیز ہوا تھا یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا ہے۔ SYL کے عنوان سے گانا ستلج، یمونا لنک کینال کا حوالہ دیتا ہے اور یہ گانا اس ہفتے کے شروع میں ریلیز ہوا تھا، یہ گانا سدھو نے لکھا، گایا اور کمپوز کیا اور ان کی موت سے چند ہفتے پہلے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میوزک ویڈیو کو پروڈیوسر MXRCI نے 23 جون کو جاری کیا تھا۔ تاہم ویڈیو کے لنک پر کلک کرنے پر پتہ چلتا ہے کہ اسے ہٹا دیا گیا ہے، حکومت کی طرف سے شکایت کی وجہ سے یہ مواد اس ملک کے ڈومین پر دستیاب نہیں ہے۔
سدھو کے گانے نے یوٹیوب پر 27 ملین سے زیادہ ویوز حاصل کئے اور یوٹیوب پر اسے 3.3 ملین لائیکس ملے۔