ممبئی: (دنیا نیوز) بالی وڈ کے رومانوی ہیرو شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ اب وہ رومانس والی فلموں اور کرداروں کے لیے بوڑھے ہوچکے ہیں۔
بھارتی فلم نگری میں جب بھی رومانوی فلم یا محبت بھری داستان کا تذکرہ ہوتا ہے تو ایک ہی نام ذہن میں آتا ہے اور وہ ہے کنگ خان یعنی شاہ رخ خان، ان میں وہ صلاحیت ہے جو اپنے مخصوص انداز سے ناظرین کی توجہ اپنی جانب کھینچ لیتی ہے۔
شاہ رخ کو25 جون کو بالی وڈ میں 30 سال مکمل ہوئے اور اس دن انہوں نے پہلا انسٹاگرام لائیو سیشن کیا، سیشن کے دوران ان سے ایک مداح نے سوال پوچھا کہ اب وہ راہول اور راج جیسے کردار ادا کیوں نہیں کرتے اور کیا وہ ان کرداروں کو یاد کرتے ہیں؟
مداح کے سوال کے جواب میں اداکار نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اب میں رومانوی فلموں اور کرداروں کے لیے بوڑھا ہوچکا ہوں، مجھے کافی عجیب لگتا ہے جب میں اپنے سے کئی زیادہ چھوٹی عمر کی لڑکیوں کے ساتھ فلم میں رومانس کرتا ہوں۔
شاہ رخ کا کہنا تھا کہ میں نے فلم زیرو‘ میں بہت اچھا وقت گزارا جو کہ میرے پہلے کیے جانے والے کاموں سے بہت مختلف تھا، مجھے یاد ہے کہ کئی سال پہلے میں ایک فلم میں کام کر رہا تھا اور میرے مقابل اداکارہ مجھ سے کافی چھوٹی تھیں اور ان کے ساتھ رومانوی سین کرنا مجھے بہت عجیب لگا تھا، مجھے شرم آرہی تھی۔