کراچی (دنیا نیوز) پاکستانی فلم انڈسٹری نے ملک میں سیلاب زدگان کی مدد کرنے کی ٹھان لی ہے، نئی پاکستانی فلم سے حاصل ہونے والی آمدنی کا بڑا حصہ سیلاب سے متاثرہ ہم وطنوں کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستانی فلم انڈسٹری سے وابستہ شخصیات بھی میدان میں آگئی ہیں، نئی پاکستانی فلم ’’کارما‘‘ کی ریلیز پر فلم کی ٹیم نے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی ٹھان لی ہے۔
فلم پروڈیوسر کاشان اڈمانی نے کہا ہے کہ ہر ٹکٹ پر دو سو روپے عطیہ سیلاب متاثرین کو جائے گا، اداکارہ ژالے سرحدی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس فلم کی کمائی کا بڑا حصہ سیلاب متاثرین کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگا، اداکار عدنان شاہ کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے فنکار بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔
اداکارہ نوین وقار کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے ہر پلیٹ فارم پر فنڈ ریزنگ کے لئے تیار ہیں، خواہش ہے کہ سب مل کر سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کریں، جبکہ ماڈل نادیہ حسین نے اپنے خیال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدگان کی امداد کا سلسلہ گھر کے ملازمین سے شروع کیا ہے جن کے گاؤں سیلاب میں ڈوب گئے ہیں۔
دوسری جانب اداکار پارس مسرور نے کہا کہ فلم کی کمائی سے سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کا اعلان ایک خو ش آئند اقدام ہے۔