لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں آنے والے بدترین سیلاب اور لامتناہی بارشوں کے باعث تباہی کے بعد سیلاب زدگان کے لیے چندہ جمع کرنے کے لیے معروف اداکارہ میرا کی نیویارک کی سڑکوں پر پرفارمنس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
نیویارک کے علاقے بروکلین میں بیچ سڑک پر دلہن کی طرح سرخ لباس زیب تن کر کے پنجابی گانے پر ڈانس کر رہی ہیں اور شائقین پرفارمنس سے لطف اندوز ہو رہے ہیں لیکن اس بار ان کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین انہیں تنقید کا نشانہ بنانے کی بجائے اقدام کی تعریف کرتے دکھائی دیئے۔
انسٹاگرام پر صارفین کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کے لیے فنڈ ریز کرنے کی خاطر آج میں نے نیویارک میں پرفارم کیا۔ میری تمام مسلمانوں سے خلوص اپیل ہے براہِ کرم آگے آئیں اور مدد کریں۔ اپنے دل اور گھر کے دروازے متاثرین کے لیے کھولیں، ہم متحد ہوکر کسی بھی پریشانی سے نمٹ سکتے ہیں۔
معروف اداکارہ کا کہنا تھا کہ کسی ایک خاندان کو اگر چھت میسر آ جائے، کوئی ایک خاندن بھی اس مشکل سے نکل سکے تو میں آرٹسٹ ہونے کے ناطے دنیا کے کسی بھی حصّے میں پرفارم کرنے کے لیے تیار ہوں۔ میں منتظمین کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھے اس کارخیر کے لیے منتخب کیا اور فنڈ ریزنگ پروگرام منعقد کیا۔