پاک فوج کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پرمنتقل

Published On 01 September,2022 11:22 am

راولپنڈی:( دنیا نیوز)سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں سے 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے لئے آرمی فلڈ کنٹرول ہیلپ لائن 1125 اور دیگر علاقوں کے لئے 1135 ہیلپ لائن فعال ہے، شہری کسی بھی مدد کےلئے ان ایمرجنسی نمبرز پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

پاک فوج کے 157 ہیلی کاپٹرز نے ایک ہزار 87 پھنسے ہوئے افراد کو نکالا، آرمی ایوی ایشن کے ذریعے 72 ٹن امدادی سامان پہنچایا گیا جبکہ متاثرہ علاقوں سے 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، مختلف میڈیکل کیمپوں میں 51 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں امدادی سامان جمع کرنے کے لئے 221 ریلیف پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں، ان پوائنٹس پرایک ہزار 231 ٹن امدادی اشیا،غذائی اشیا اور ادویات جمع کی گئی جو متاثرہ علاقوں کو پہنچائی جارہی ہیں۔

ایف ڈبلیو او نے نیشنل ہائی وے اتھارٹیز کے ساتھ مل کر قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ سکردو روڈ کی بروقت بحالی کویقینی بنایا ہے، سندھ میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو بڑھانے کے لیے اضافی انجینئر اور طبی عملہ کراچی منتقل ہوگئے ہیں۔
 

Advertisement