لندن: (دنیا نیوز) کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی شہزادی ڈیانا کو بچھڑے 25 برس بیت گئے ، بھولی بھالی صورت اور پرکشش شخصیت کی مالک برطانوی شہزادی کی یادیں آج بھی ان کے مداحوں کے ذہن میں نقش ہیں۔
کروڑوں دلوں کی ملکہ برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کو دنیا سے رخصت ہوئے 25 برس بیت گئے، شہزادی ڈیانا یکم جولائی 1961 کو برطانیہ میں پیدا ہوئیں، انہوں نے انگلینڈ اور سوئٹزرلینڈ سے تعلیم حاصل کی، بھولی بھالی صورت اور پرکشش شخصیت کی مالک برطانوی شہزادی نے 29 جولائی 1981 کو برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس کے ساتھ شادی کی۔
ڈیانا کی شہرت کا سورج برطانوی شہزادہ چارلس سے منگنی کے بعد طلوع ہوا، شادی سے شاہی سفر کا آغاز کیا تو لوگوں نے اسے خوشیوں اور خوابوں کے سفر سے تعبیر کیا، شاہی جوڑے کے گھر 2 بیٹوں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کی پیدائش ہوئی۔
شہزادہ چارلس اور ڈیانا اپنی ازدواجی زندگی کو کامیابی سے ہمکنار نہ کر پائے، 16 سال بعد اگست 1996 میں شاہی جوڑے کی طلاق ہو گئی۔
ڈیانا کی عالمی سطح پر مقبولیت کا بڑا سبب ان کی خوبصورت شخصیت تھی، طلاق کے بعد بھی ان کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی، لیڈ ی ڈیانا نے طلاق کے بعد فلاحی کاموں کی طرف بھرپور توجہ دی، اس سلسلے میں وہ پاکستان بھی آئیں۔
لیڈی ڈیانا کی زندگی کی طرح موت بھی میڈیا کے لیے سب سے بڑی خبر بن گئی، 31اگست 1997 کو ڈیانا پیرس کے ہوٹل سے اپنے دوست دودی الفائد کے ساتھ روانہ ہوئی تاہم ڈیانا منزل تک نہ پہنچ سکی ان کی گاڑی ایک خطرناک حادثے کا شکار ہو کر مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
حادثے میں شہزادی کےساتھ ان کے دوست بھی جان کی بازی ہار گئے، ہردل عزیز شہزادی لیڈی ڈیانا کی یادیں آج بھی مداحوں کی ذہنوں میں نقش ہیں۔