نئی دہلی:(ویب ڈیسک) بھارتی پنجابی گلوکار یو یو ہنی سنگھ کا اہلیہ کے ساتھ باقاعدہ طور پر رشتہ ختم ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شالینی تلوار نے گزشتہ سال دہلی کی تیس ہزاری عدالت میں طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی جس میں گلوکار پر گھریلو تشدد اور دیگر خواتین کے ساتھ جسمانی تعلقات سمیت کئی سنگین الزامات لگائے گئے تھے۔
اگر رپورٹس پر یقین کیا جائے تو شالنی نے ہنی سنگھ سے طلاق کے لیے 10 کروڑ روپے کے مانگے تھے، لیکن اب دونوں کے درمیان ایک کروڑ روپے پر سمجھوتہ ہو گیا ہے، ہنی سنگھ اور شالینی اب باضابطہ طور پر طلاق لے چکے ہیں، گلوکار نے دہلی کی ساکیت ڈسٹرکٹ کورٹ کی فیملی کورٹ میں ایک مہر بند لفافے میں شالینی تلوار کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق عدالت میں یو یو ہنی سنگھ اور شالینی تلوار کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات کے بعد معاملہ طے پا گیا تھا، دونوں نے اب ایک کروڑ روپے کی رقم پر معاہدہ کیا ہے، بتایا جا رہا ہے کہ اس معاملے کی اگلی سماعت 20 مارچ 2023 کو ہوگی۔