لاہور: (دنیا نیوز) شہنشاہ قوالی استاد نصرت فتح علی خان کی آج 74 ویں سالگرہ ہے، سروں کے سلطان کی آواز کا جادو آج بھی برقرار ہے۔
موسیقی کے بے تاج بادشاہ نے فیصل آباد کے قوال گھرانے میں 13 اکتوبر 1948 کو آنکھ کھولی، والد فتح علی خان اور تایا مبارک علی خان اپنے وقت کے مشہور قوال تھے، 16 سال کی عمر میں قوالی کا فن سیکھا، قوالی کے ساتھ غزلیں، کلاسیکل اور صوفی گیت بھی گائے۔
نصرت فتح علی خان نے اپنی تمام عمر قوالی کے فن کو سیکھنے اور اسے مشرق و مغرب میں مقبول عام بنانے میں صرف کر دی اور صوفیائے کرام کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچایا۔
پاکستان اور بھارت میں یکساں مقبول نامور موسیقار نصرت فتح علی خان نے اپنے طویل کیریئر کے دوران عارفانہ کلام، گیتوں، غزلوں اور قوالیوں سے دنیا کو اپنا گرویدہ بنائے رکھا۔
سروں کے شہنشاہ نصرت فتح علی خاں کی قوالی کے 125 سے زائد آڈیو البم جاری ہوئے، ان کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل ہے، انہیں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سمیت بے شمارملکی اور عالمی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔