پیرس: (ویب ڈیسک) کے کے کی ہلاکت کے بعد ایک اور گلوکار کنسرٹ کے دوران جان کی بازی ہار گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیریبین ملک ہیٹی سے تعلق رکھنے والے گلوکار میکا بین گزشتہ دنوں پیرس میں ایک کنسرٹ کے دوران اچانک انتقال کر گئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکابین کی موت کی وجہ کنسرٹ کے دوران اچانک دل کا دورہ تھا، گلوکار جن کا اصل نام مائیکل بینجمن ہے پیرس میں 20 ہزار گنجائش والے ایکور ایرینا میں ہیٹی کی نمائندگی کر رہے تھے۔
میکا بین کی موت کے بعد کنسرٹ ہال کی انتظامیہ کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ گلوکار کی طبیعت زیادہ خراب ہونے پر طبی امداد دی گئی تاہم دل کا دورہ پڑنے کی شدت کے باعث گلوکار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واضح رہے کہ اس طرح کے واقعات پہلے بھی ہوچکے ہیں جس میں قابل ذکر بھارتی گلوکار کے کے کا ہے جو کہ دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے۔
رواں سال مئی میں مشہور بھارتی گلوکار کرشن کمار کاناتھ المعروف کے کے ایک کنسرٹ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے 53 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔