اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں بہت اہمیت دیتا ہے۔
ترجمان وزارت دفاع کے مطابق خواجہ آصف اور فرانس کے سفیر نکولس گیلے کی ملاقات میں وزیر دفاع نے کہا کہ پاک فرانس دوطرفہ تعلقات باہمی احترام کے اصولوں پر استوار ہیں، پاکستان خطے میں استحکام اور امن کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور خاص طور پر افغانستان اور بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے اس بات کے عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تنازع کشمیر کا پر امن حل ضروری ہے، پاکستان دوطرفہ دلچسپی کے تمام امور پر فرانس کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے میں تعاون ہمارے دوطرفہ تعلقات کا اہم حصہ ہے۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔
فرانس کے سفیر نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا یقینی کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔