اسلام آباد:(دنیا نیوز) افغانستان کے خلاف ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح حاصل کرنے اور فائنل کے لئے کوالیفائی کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی و دیگر نے قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
خیال رہے کہ آخری اوور کی پہلی دو گیندوں پر لگاتار دو چھکے لگا کر پاکستانی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے افغانستان سے یقینی شکست کو فتح میں بدل دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف
Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 7, 2022
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے اس شاندار کامیابی پر نسیم شاہ کا شکریہ ادا کیا۔
مریم نواز
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) September 7, 2022
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ واہ کیا میچ تھا، نسیم شاہ نے کیا شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، لڑکوں ایشیا کپ جیت کر ہی واپس آنا۔
چودھری پرویز الٰہی
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ویلڈن، گرین شرٹس، ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، میرا یقین ہے کہ بہترین ٹیم ورک کے ذریعے ہمیشہ کامیابی ملتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے خلاف جیت کے بعد آج افغانستان کے خلاف بھی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا، اعصاب شکن مقابلے کے بعد فتح گرین شرٹس کو ملی، انشاء اللہ قومی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ لے کر وطن لوٹے گی۔
صادق سنجرانی
افغانستان کے خلاف فتح پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ افغانستان کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کو جیت پر مبارکباد دیتا ہوں، قومی ٹیم نے آخری اوور میں شاندار کھیل پیش کر کے جیت حاصل کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان
میر عبدالقدوس بزنجو نے ایشیا کپ میں پاکستان کی افغانستان کے خلاف شاندار فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد حریف ٹیم کو شکست دیکر دل جیت لئے۔
وزیراعلیٰ نے خاص طور پر نسیم شاہ کو بہترین کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نسیم شاہ نے لگاتار دو چھکے مار کر کھیل کا پانسا پلٹ دیا، امید ہے پاکستانی ٹیم اپنی کارکردگی برقرار رکھتے ہوئے فائنل میچ میں بھی فتحیاب ہو گی، قوم کی دعائیں ٹیم کے ساتھ ہیں۔