'بادشاہ بادشاہ ہی رہتا ہے'، رضوان کا بابر سے ٹی 20 کی حکمرانی چھیننے پر ردعمل

Published On 07 September,2022 06:48 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹی 20 رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سے پہلی پوزیشن چھیننے والے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر سب کے دل جیت لئے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور بلے باز بابر اعظم ٹی 20 رینکنگ میں ایک ہزار سے زائد دن تک سر فہرست رہے مگر آج آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں ان سے یہ پوزیشن پاکستان کے ہی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے چھین لی اور انہیں دوسرے نمبر پر دھکیل دیا۔

ٹی 20 رینکنگ میں حکمرانی حاصل کرنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے محمد رضوان نے لکھا کہ الحمد اللہ، صرف اللہ سے ہوتا ہے، اللہ کے غیر سے نہیں ہوتا، آج کے دن کو کپتان بابر اعظم کی بادشاہت کا ایک ہزار 156 واں دن سمجھا جائے، بادشاہ بادشاہ ہی رہتا ہے، ہم سب ایک ہیں۔

اپنے ٹوئٹ کے آخر محمد رضوان نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ آپ سب کے ساتھ، محبتوں اور دعاؤں کا شکریہ، پاکستان زندہ باد۔
 

Advertisement