لاہور: (ویب ڈیسک) گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع جلد ہی اپنی پہلی امریکی فلم میں بھارتی اور پاکستانی اداکاروں کے ساتھ ایکشن میں نظر آئیں گی۔
میشا شفیع پاکستانی خاندان پر بنائی جانے والی امریکی فلم "مستاش" یعنی "مونچھیں" میں کام کرتی دکھائی دیں گی، فلم کی ہدایات پاکستان نژاد ہدایت کار عمران جے خان دیں گے اور انہوں نے ہی اس فلم کی کہانی بھی لکھی ہے۔
فلم میں رضوان مانجی اور ان کی بیٹی ایان مانجی سمیت اتھروا ورما، الیشیا سلوراسٹون، بھارت نژاد امریکی اداکار حسن منہاج اور گلوکارہ میشا شفیع مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے۔
میشا شفیع مرکزی کردار یعنی ایک 13 سالہ پاکستانی لڑکے کی والدہ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جب کہ رضوان مانجی لڑکے کے والد کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔
فلم کی کہانی 13 سالہ پاکستانی لڑکے اور ان کے پاکستانی والدین کے گرد گھومتی ہے اور فلم میں 1990 کے زمانے کی امریکی زندگی دکھائی جائے گی اور اس وقت کے مسلمانوں کے حالات بھی دکھائی جائیں گی۔