لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان بھارتی فلم انڈسٹری کی شہرہ آفاق فلم ’’ پاکیزہ ‘‘ کے پاکستانی ریمیک میں ’’ مینا کماری ‘‘ کا کردار ادا کریں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرہ خان 1972 کی بلاک بسٹر فلم پاکیزہ کے پاکستانی ریمیک میں مینا کماری کا کردار ادا کریں گی جبکہ اس فلم کو حامد حسین اور ان کا متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) میں قائم پروڈکشن ہاؤس پروڈیوس کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ پروڈکشن ٹیم کے قریبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ماہرہ خان ایک بھارتی اداکارہ اور ٹریجڈی کوئین کے نام سے مشہور اداکارہ کا کردار ادا کریں گی ان کے علاوہ بھی کئی اہم نام پراجیکٹ کے لیے زیر غور ہیں۔
خیال رہے کہ پاکیزہ بھارتی فلم انڈسٹری کی مقبول ترین فلموں میں ایک فلم ہے جس کی تیاری میں 14 سال لگے، اسے 70 کی دہائی میں بننے والی مہنگی ترین فلموں میں سے ایک سمجھا جاتا تھا اور اسے 4 فروری 1972 کو ریلیز کیا گیا تھا۔