ملالہ یوسفزئی کی لاس اینجلس میں ہالی ووڈ سپر سٹار ٹام کروز سے ملاقات

Published On 14 February,2023 07:21 pm

لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی اکیڈمی ایوارڈ کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے پر ہالی ووڈ سُپر اسٹار ٹام کروز سے ملاقات ہوئی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا بھر سے 95ویں اکیڈمی ایوارڈز کیلئے نامزد پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز اور اداکاروں نے آسکرز کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی۔

ظہرانے میں ملالہ یوسفزئی نے بھی ہالی ووڈ دستاویزی فلم ’اسٹرینجر ایٹ دی گیٹ‘ کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر شرکت کی جہاں ان کی ملاقات ہالی ووڈ سپر اسٹار ٹام کروز، سٹیون سپیلبرگ اور کیٹ بلانشیٹ سمیت دیگر ہالی ووڈ لیجنڈز سے ہوئی۔

ملالہ یوسفزئی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ٹاپ گن ماورک سٹار ٹام کروز اور دیگر ہالی ووڈ پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے آسکرز کا حصہ بننے پر اکیڈمی ایوارڈز کا شکریہ ادا کیا۔

ملالہ نے تصاویر کے کیپشن میں لکھا کہ وہ اس سال کے تمام آسکرز کیلئے نامزد اُمیدواروں کے ساتھ مل کر بہت خوش ہیں اور اس اعزاز پر اکیڈمی ایوارڈز کی شکر گزار ہیں، ملالہ نے ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز سے ملاقات پر بےحد خوشی کا اظہار کیا۔