ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی لیجنڈ اداکارہ شبانہ اعظمی نے کہا ہے کہ ماضی کی طرح اب فلموں میں خواتین اداکاراؤں کا کردار ڈیکوریشن پیس نہیں رہا بلکہ وہ مرکزی کرداروں میں نظر آرہی ہیں جس میں پوری کہانی انہی کے گرد گھومتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممتاز اداکارہ اور شاعر جاوید اختر کی اہلیہ نے ایک انٹرویو میں اپنے مستقبل کے پراجیکٹس اور فلم انڈسٹری میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں پر تفصیلی گفتگو کی۔
شبانہ اعظمی نے کہا کہ یہ انڈسٹری میں تبدیلی کا ایک بہت بڑا مرحلہ ہے اور شکر ہے کہ فلموں میں خواتین اداکارائیں صرف نمائش کے لیے نہیں رہیں جو صرف ہیرو کے گرد رقص کرتی رہتی ہیں۔
شبانہ اعظمی نے شکوہ کیا کہ اکثر فلمساز سماج سے جڑے نہیں ہوتے انہیں پتہ نہیں چلتا کہ شائقین کیا دیکھنا چاہتے ہیں، اب ہیروئن محض خوبصورت لباس پہن کر نمائش نہیں کرتیں، انہیں کردار دینا ہوگا، پدرانہ نظام کو ہلانا ہو گا۔
ماضی کو یاد کرتے ہوئے شبانہ اعظمی نے کہا کہ جب میں نے ارتھ کی تھی تو ڈائریکٹر نے کہا تھا کہ یہ شاندار فلم ہے، یہ ٹیبو کے اختتام کے دن تھے حالانکہ اس وقت بھی بھارتی بیویاں اپنے شوہروں کو ’’نہ‘‘ نہیں کہہ سکتی تھیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اب وقت تبدیل ہوا ہے، خواتین اداکارائیں کہانی کا پورا بوجھ اُٹھا رہی ہیں، فلم میں مرکزی کردار نبھا رہی ہیں جس میں پوری کہانی انہی کے گرد گھومتی ہے کیوں کہ معاشرے میں بھی خواتین کا کردار نمایاں ہوا ہے۔
لیجنڈ اداکارہ شبانہ اعظمی نے بتایا کہ آنے والی فلم میں وہ دھرمیندر کے ساتھ کردار نبھائیں گی، فلم میں عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ بھی ہیں۔
شبانہ اعظمی نے کہا کہ میں زیادہ بتانا نہیں چاہتی لیکن ہدایت کار کرن جوہر جو پرانی ہندی فلموں کے ایک سرشار پرستار ہیں نے میرے اور دھرمیندر کے کردار کے درمیان رومانس پرانی فلموں کے انداز میں فلمایا ہے۔