لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ سجل علی نے کہا ہے کہ آنجہانی بھارتی اداکارہ سری دیوی میرے لئے ماں سے کم نہیں تھیں، انہوں نے فلم ’ موم ‘ میں میری بہترین رہنمائی کی اور ماں کی طرح میرا خیال رکھا۔
سجل علی کا شمار پاکستان کی کامیاب اداکاراؤں میں ہوتا ہے ، انہوں نے پاکستان میں متعدد پراجیکٹس کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کی نمائندگی کی ہے، اداکارہ کا پہلا بالی ووڈ پراجیکٹ ’موم ‘ تھا جہاں انہوں نے لیجنڈ سری دیوی کے ساتھ کام کیا اور دونوں اداکاراؤں نے اپنی زبردست اداکاری سے خوب داد سمیٹی۔
حال ہی میں برطانوی خبر رساں ادارے کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں سجل علی نے سری دیوی کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کی اور فلم موم میں اپنے کام کا تجربہ شیئر کیا۔
انہوں نے کہا کہ سری دیوی ان کے لیے کسی ماں سے کم نہیں ، جب وہ موم کی شوٹنگ میں مصروف تھیں تو لیجنڈ اداکارہ نے ان کی بہترین رہنمائی کی اور ایسی بہت سی باتیں بتائیں جو ان کے کیرئیر کے لئے مدد گار ثابت ہو سکتی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران انہوں نے میرے لباس، میرے بالوں اور دیگر باتوں سے متعلق بہترین مشورے دیئے اور انہوں نے بالکل ویسا ہی برتاؤ کیا جیسے کوئی ماں کرتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سری دیوی کے ساتھ ساتھ ان کی بیٹی اور بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جھانوی کپور کے ساتھ بھی بہترین تعلق قائم ہوا۔