ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکار اکشے کمار نے شدید تنقید کے بعد کینیڈا کی شہریت چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔
اکشے کمار کا کہنا ہے کہ میں نے زندگی میں جو کچھ کمایا ہے، جو مقام اور عزت حاصل کی ہے وہ مجھے اپنے ملک سے ملی ہے اور میں خوش نصیب ہوں کہ مجھے اس کے بدلے میں اپنے ملک کیلئے کچھ کرنے کا موقع ملا۔
ایک انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا کہ بہت تکلیف ہوتی ہے جب لوگ سچ جانے بنا آپ پر تنقید کرتے ہیں، میری کینیڈین شہریت کے معاملے پر بھی لوگوں نے ایسا ہی کیا اور اسباب معلوم کیے بنا ہی مجھے بے جا تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
اکشے کمار نے بتایا کہ 90 کی دہائی میں ان پر ایک بہت ہی برا دور آیا تھا جب ان کی ایک کے بعد ایک فلمیں فلاپ ہوتی گئیں اور لگاتار 15 فلاپ فلمیں دینے کے بعد وہ مایوس ہو گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ تب انہیں لگا کہ اتنی ناکامی کے بعد یہاں کام تو ملنا نہیں اور جینے کیلئے کام تو کرنا پڑیگا، اس دوران کینیڈا میں مقیم ایک دوست نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ کینیڈا آجائیں۔
اکشے کمار نے بتایا کہ دوست کے مشورے پر انہوں نے کینیڈا جانے کیلئے درخواست دی اور ان کی درخواست قبول ہو گئی لیکن وہاں جانے کے بعد پیچھے رکی ہوئی ان کی دو فلمیں رلیز ہوئیں اور خوش قسمتی سے دونوں بہت بڑی ہٹ ثابت ہوئیں جس کے بعد دوست نے انہیں دوبارہ مشورہ دیا کہ میں واپس آکر اپنے کیرئیر کیلئے مزید محنت کروں اور پھر میں واپس آگیا۔
اکشے کمار کا کہنا تھا کہ میں تو بھول ہی گیا تھا کہ مجھے پاسپورٹ تبدیل کرنا چاہیے لیکن اب میں نے اپنی کینیڈین شہریت ترک کرنے اور اپنا پاسپورٹ تبدیل کرنے کیلئے درخواست دے دی ہے۔