پیرس: (ویب ڈیسک) دنیا کے سب سے بڑے فیشن شو پیرس فیشن ویک 2023 میں ماڈلز کے ساتھ گھوڑوں کی انٹری نے سب کو حیران کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیرس فیشن ویک میں ڈیزائنر سٹیلا میک کارٹنی کے ڈیزائن کردہ ملبوسات میں ماڈلز سے پہلے گھوڑوں نے ریمپ پر انٹری دے دی۔
سٹیلا میک کارٹنی نے اپنی کلیکشن میں چمڑے کا استعمال کیے بغیر ماحول دوست ملبوسات شامل کر کے جانوروں کے حقوق اور ان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
میک کارٹنی کا کہنا تھا کہ ان کی کلیکشن میں جانوروں کی کھال یا بال جیسی کوئی ایسی چیز استعمال نہیں کی گئی جس سے کسی جانور کو نقصان پہنچا ہو یا اسے مارا گیا ہو۔
Designer Stella McCartney explored the relationship between humans and nature in her Fall-Winter collection at Paris Fashion Week with a team of horses alongside models, who wore styles made with eco-conscious materials https://t.co/aqNL1k296I pic.twitter.com/MxslanZ4or
— Reuters (@Reuters) March 7, 2023
ڈیزائنر نے گھوڑوں کے پرنٹ پر مبنی اپنی خصوصی کلیکشن متعارف کروائی جبکہ دیگر ماڈلز نے خاتون ڈیزائنر کی بہن اور والدہ کی کھینچی ہوئی گھوڑوں کی تصاویر تھام رکھی تھیں۔
یہی نہیں بلکہ اس سے قبل پہلی مرتبہ پیرس فیشن ویک میں ایک ماڈل نے ایسے کپڑے پہن کر ریمپ پر انٹری دی جس پر آگ لگی ہوئی تھی۔
سوشل میڈیا پر پیرس فیشن ویک 2023 کے ان منفرد مناظر کی ویڈیوز خوب وائرل ہو رہی ہیں جن پر صارفین کی جانب سے خوب تبصرے کئے جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ یہ فیشن شو پیرس کے ایک ملٹری سکول کے اصطبل میں منعقد کیا گیا تھا جہاں ماڈلز اور منفرد انداز میں فیشن متعارف کروانے والی میک کارٹنی کو تماشائیوں کی جانب سے خوب سراہا گیا۔